حکومت تحفظ میں ناکام ،تاجروں کو اسلحہ دیا جائے ،محمود حامد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری یونس بارائی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ جیولرز اور تاجروں کو تحفظ فراہم کیا جائے کورنگی جیولرز مارکیٹ میں ڈاکوں کی دلیرانہ واردات سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ۔۔۔
شہر میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے وہ کورنگی ڈھائی نمبر مارکیٹ کے دورے کے موقع پر شہید عبدالمتین کے والد سے اظہار تعزیت کر رہے تھے ۔انہوں نے حکومت سندھ سے شہید عبدالمتین اور شہید وقاص کے ورثاء کو فوری طور پر 25 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے اور لوٹ مارکے نقصانات کے معاوضے کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔ آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا کہ حکومت تاجروں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے اب تاجروں کو اپنا تحفظ خود کرنے کیلئے اسلحہ دیا جائے ۔ تمام انکم ٹیکس فائلرز تاجروں کو اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے ۔ دو روز میں کورنگی میں دو تاجروں کا قتل اور درجنوں جیولرز کی دکانوں سے لاکھوں روپے مالیت سونے کا لٹ جانا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ انہوں نے شہید تاجر وقاص کے والداور بھائی سے ان کے گھر پر جا کر تعزیت کی اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی محمود حامد نے مطالبہ کیا کہ جن دکانوں سے سونا لوٹا گیا ہے ان کے لیے حکومت معاوضے کا اعلان کرے اس موقع پر کورنگی جیولرز مارکیٹ کے صدر نور علی عباسی لانڈھی بابر مارکیٹ کے رہنما وقار صدیقی ودیگربھی ان کے ہمراہ تھے ۔