جشن آزادی معرکہ حق کی تقریبات کا شیڈول جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملک کے دیگر حصوں کی طرح کراچی میں بھی جشن آزادی و معرکہ حق انتہا ئی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔
کراچی انتظامیہ نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی سر براہی میں جامع منصوبہ بندی کے ساتھ اقدامات کیے ہیں ۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی صدارت میں ان کے دفتر میں ایک اجلاس میں جشن آزادی معرکہ حق تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں مختلف محکموں اور اداروں کے سیکریٹریز اوردیگر نے شرکت کی۔ اجلاس نے اسسٹنٹ کمشنر جنرل حاظم بھنگوار کو محکمہ اسپورٹس اور محکمہ ثقافت کے پروگراموں کے انعقاد کے انتظامات کے سلسلہ میں رابطہ افسر مقرر کیاہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس موقع پر نرسری سے شاہراہ قائد ین روڈ کوخوبصورت طریقہ سے جہازوں کے ماڈلز ،قومی ہیروز اور شہدا کی تصاویر کے ساتھ شجرکاری پھولوں اور روشینوں کے ساتھ سجایا جائے گا۔شاہراہ کو 8اگست سے 13 اگست تک سجایا جائے گا۔فرئیر ہال میں 8 تا 10 اگست تین روزہ ثقافتی پروگرام منعقد ہو گا جس میں موسیقی کے پروگرام اور فوڈ فیسٹول ا بھی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ نوجوانوں اور بچوں کے لئے ذہنی آزمائش کے مقابلے اور تفریحی پروگرام منعقد ہوں گے ۔ تقریبات میں میراتھون، سائکل ریس، ڈنکی کارٹ ریس، کرکٹ ، ہاکی میچ بوٹ ریس اور ویمن بائک ریلی ہوگی۔