بغیر معائنہ عمارتیں مخدوش قرار دینا ظلم ، منعم ظفر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے فیصل کنٹونمنٹ کے علاقے میں مخدوش قرار دی جانے والی عمارتوں کے ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں و رہائشیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جوہر موڑ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔۔۔
کہاکہ فیصل کنٹونمنٹ کی جانب سے شائع کردہ فہرست میں 62 رہائشی یونٹس (اپارٹمنٹس، بنگلوز)کو بغیر کسی ٹھوس انجینئرنگ سروے یا معائنہ کے مخدوش قرار دے کر اخبارات میں اشتہارات دینا عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی ہے ، فیصل کنٹونمنٹ کے عوام شدید بے چینی و اضطراب کا شکار ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ مخدوش قرار دی جانے والی عمارتوں کاشفاف اورآزاد معائنہ کرا کر حتمی فیصلہ کیا جائے ۔بلڈرز کو قانونی طور پر اپنی تعمیرات کی مینٹی نینس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے ۔تمام کنٹونمنٹ بورڈز کو پانی، سڑکوں اور سیوریج کی فراہمی یقینی بنانے کا پابند کیا جائے ۔شہریوں کو دھمکانے یا بے دخل کرنے کے عمل کو روکا جائے ۔ جماعت اسلامی صرف تنقید نہیں بلکہ حل کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔منعم ظفر نے کہا کہ ہم عوامی مسائل کے حل کیلئے سڑکوں پر بھی آواز بلند کریں گے اور عدالتوں سے بھی رجوع کریں گے ۔ چاہتے ہیں کہ فیصل کنٹونمنٹ کے رہائشی عزت اور تحفظ کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے فیصل کنٹونمنٹ کے رہائشیوں کے لیے پبلک ہیلپ ڈیسک قائم کر دی ہے۔