کے فور میں ہماری وجہ سے تاخیر نہیں ہوئی ،سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی دیہی نہیں بلکہ تمام بڑے شہروں کی جماعت ہے ۔
کراچی سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر سندھ حکومت اربوں روپے کی لاگت سے منصوبوں پر تیزی سے کام کررہی ہے اور انشائاللہ رواں مالی سال میں ان تمام منصوبوں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ کراچی میں پانی اور سیوریج کے لیے اربوں کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کوملیر میں ملیر یونین فٹبال اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ارکان سندھ اسمبلی راجہ رزاق، سلیم بلوچ، چیئرمین ملیر ٹائون جان محمد بلوچ، امداد جوکھیو، ٹائون چیئرمین ابراہیم حیدری نظیر بھٹو ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر تمام یوسیز کے چیئرمین و دیگر منتخب نمائندے ، پیپلز پارٹی کے ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے ۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ کے فور منصوبہ ہماری وجہ سے تاخیر کا شکار نہیں ہوا۔ ماضی میں نواز شریف نے کے فور پر کام کروایا تھا۔ منصوبے کی لاگت بڑھی اس وقت عمران نیازی کی حکومت تھی تو ان کو کسی نے کہہ دیا کہ یہ منصوبہ 25 ارب کا تھا اور اب اس کی لاگت بڑھ گئی ہے اور اس میں کرپشن ہے تو انہوں نے بغیر کسی تحقیقات اور معلومات کے اس منصوبے پر کام کو روک دیا۔ اب جب دوبارہ وفاق میں نون لیگ کی حکومت ہے تو اس منصوبے پر کام کا آغاز ہوا ہے ۔