ڈی این اے کے بغیر کسی کی ایف آر سی میں شمولیت ناممکن،سپریم کورٹ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گلستان جوہر کے رہائشی وسیم کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک شہری نصرت جائیداد کے لالچ میں خود کو ان کا بھائی ظاہر کر رہا ہے حالانکہ حقیقت میں ان سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔ درخواست گزار کے مطابق نصرت نے جعل سازی سے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ میں اپنا اندراج بھی کروالیا تھا۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ڈی این اے کے بغیر کوئی بھی شخص ایف آر سی میں شامل نہیں ہو سکتا اور اگر نصرت ڈی این اے نہیں کرواتا تو وہ قانونی طور پر درخواست گزار کا خاندانی رکن تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔عدالت نے کیس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد توہین عدالت کی درخواست کو نمٹاتے ہوئے ماتحت عدالت کو قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔