حکومت کی ماحول دوست توانائی کیلئے سنجیدہ کوششیں ،ناصر شاہ

 حکومت کی ماحول دوست توانائی کیلئے سنجیدہ کوششیں ،ناصر شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کو سستی، پائیدار اور ماحول دوست توانائی فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی کے دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران نجی کمپنی کی جانب سے پیش کردہ سولر ہوم سسٹم، انورٹر لیتھیم بیٹری اور سولر پینل کے عملی مظاہرے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری توانائی، سی ای او ایس ٹی ڈی سی، ایم ڈی تھرکول انرجی بورڈ سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے ۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صوبے کا پہلا بجلی گھر قائم کیا، جس کی بجلی آج بھی دیگر ذرائع کے مقابلے میں کم قیمت پر دستیاب ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں دو نئے سولر پارکس مکمل کیے گئے ہیں، جن کی بجلی انتہائی کم ٹیرف پر صارفین تک پہنچائی جائے گی۔ ادھر تھرکول انرجی بورڈ کے دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ سندھ بھر میں جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کے حوالے سے دو ہزار سے زائد تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، محکمہ توانائی سندھ نے جشن آزادی کی تقریبات شروع کرنے میں دیگر محکموں پر سبقت حاصل کی ہے ، جو چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر عملدرآمد کا مظہر ہے ۔ایم ڈی تھرکول بورڈ طارق علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق میں قوم کی کامیابی نے ثابت کر دیا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں