صحافت پر قدغن ناقابلِ قبول، جدو جہد ناگزیر، منعم ظفر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ بلا شبہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے مگر افسوس کہ ملک میں صحافی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔
آزادی صحافت، صحافیوں کے حقوق حتیٰ کہ جان کے تحفظ کو بھی سنگین خطرات لاحق ہیں، پیکا کے کالے قانون کی منظوری، صحافیوں پر بلا جواز مقدمات، ان کا غواء و قتل آئین، قانون اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہے ، صحافت پر لگائی جانے والی قدغن کے خلاف صحافیوں کی جدو جہد وقت کی ضرورت ہے ، صحافی ریاست کا اثاثہ ہیں، ان کی جان، قلم اور رائے کی آزادی کا تحفظ از حد ضروری ہے ، جماعت اسلامی ہمیشہ آزادی صحافت، حق گوئی و سچائی اور صحافیوں کے حقوق کے لیے کھڑی ہوئی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں جماعت اسلامی کی جانب سے پی ایف یوجے کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی وفاق کو سالانہ 3256ارب ٹیکس دیتا ہے اور صوبے سندھ کے بجٹ کا 95فیصد حصہ فراہم کرتا ہے لیکن کراچی میں بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ، صفائی ستھرائی، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کا فقدان ہے ، بد قسمتی سے تمام حکومتیں اور حکمران پارٹیاں کراچی کے عوام کا استحصال کرتی رہی ہیں، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کی حقیقی اور توانا آواز ہے ، ہم نے عملی خدمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صحافی ریاست کا اثاثہ ہیں، ان کی جان، قلم اور رائے کی آزادی کا تحفظ از حد ضروری ہے۔