مختلف شہروں میں یومِ آزادی و معرکۂ حق کی تقریبات جاری
سکھر،اندرون سندھ (بیورو رپورٹ،نمائندہ دنیا ) سکھر میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے مختلف تنظیموں کی۔۔
جانب سے متعدد تقریبات، ریلیوں اور سمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ جمعیت علمائے پاکستان اور مرکزی جماعت اہلسنت سکھر نے مدرسہ غوثیہ کے باہر پرچم کشائی اور \"پاک افواج زندہ باد\"ریلی کا اہتمام کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی جانشین مفتی اعظم مفتی محمد ابراہیم القادری تھے جنہوں نے کہا پاکستان عظیم قربانیوں سے حاصل ہوا، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں۔ تعلیم، اتحاد اور باہمی تعاون سے ہی ہم ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔ شرکاء نے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور وطن کی ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔ادھر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر محمد اخلاق میمن کے مطابق یومِ آزادی و معرکہ حق کی مناسبت سے 1 تا 14 اگست اسپورٹس گالا 2025ء کا انعقاد کیا جا رہا ہے ، جس میں اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے طلباء و طالبات مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔کھیلوں میں باسکٹ بال،کک باکسنگ، کبڈی،بیڈمنٹن،کراٹے (لڑکیاں)،ہاکی، فٹ سال، شطرنج، آرکری ویگر شامل ہیں۔ لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ وجاہت غفور نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن پرائمری آفس لاڑکانہ میں یومِ آزادی کی پرچم کشائی تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں قومی ترانہ پڑھا گیا اور \"پاکستان زندہ باد\"کے نعرے لگائے گئے۔ قمبر شہداد کوٹ میں صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر کی ہدایت پر 14 اگست کی مناسبت سے روایتی کھیل \"ملاکھڑا \" کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے ، جن میں لاڑکانہ ڈویژن کے 50 سے زائد پہلوانوں نے حصہ لیا۔