پاکستان کسی سندھو دیش کیلئے نہیں بنایا گیا،مہاجر موومنٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما صادق ادریس نے کہا ہے کہ پاکستان کی اصل پہچان سبز ہلالی پرچم ہے ، اجرک یا مینار نہیں۔ 14 اگست کو متنازع بنانے اور سبز پرچم کی بے حرمتی کرنے والے عناصر کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام گھروں، شاہراہوں اور گاڑیوں پر سبز ہلالی پرچم لگا کر حب الوطنی کا ثبوت دیں۔ مہاجر قومی موومنٹ کی اس سال بھی جشنِ آزادی کے موقع پر گھروں، شاہراہوں اور زیر استعمال گاڑیوں پر سبز پرچم لگانے کی مہم جاری ہے ، جس میں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر پاکستان مخالف نعرے لگا کر اور قومی پرچم کی توہین کرکے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، مگر ہم اپنی شناخت اور ثقافت کو پاکستان سے وابستہ سمجھتے ہیں۔ پاکستان کسی سندھو دیش یا صرف مقامی ثقافتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایک قومی وحدت کے لیے بنایا گیا تھا اور پاکستانی ثقافت میں سب سے نمایاں رنگ مہاجر ثقافت کا ہے ، جس کی بنیاد اردو زبان ہے ۔ برصغیر میں تمام مسلمانوں کی مشترکہ زبان اردو تھی، جسے ختم کرنے کے لیے ہندوؤں نے ہندی مسلط کرنے کی کوشش کی۔