کراچی کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،گورنر

کراچی کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا،گورنر

کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں 50 ہزار بچے جدید آئی ٹی کورس کر کے ڈالرز میں کما رہے ہیں، یہ نوجوان ہمارا فخر ہیں،گورنر ہاؤس کے دروازے عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔

شہری امید کی گھنٹی بجا کر اپنا مسئلہ براہِ راست گورنر ہاؤس تک پہنچا کر حل کروا سکتے ہیں۔کراچی کی ترقی کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ، یہی ہمارا قومی فرض ہے ۔ ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے معرکہ حق، جشنِ آزادی کے سلسلے میں نیو کراچی سیکٹر 11-G میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس سے قبل گورنر سندھ کا نیو کراچی آمد پر شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، شرکاء کا جوش و خروش قابلِ دید تھا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاکہ پاک افواج نے اپنے سے بڑے دشمن کو دھول چٹائی ، ہم ایک فاتح قوم ہیں، کامیابی کے لیے محنت ضروری ہے ، اور اتحاد سے ہر مشکل آسان ہو جاتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بڑوں کی عزت اور احترام کو ہمیشہ مقدم رکھیں، یہی ہماری تہذیب اور تربیت ہے ۔ تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما انیس قائم خانی، ڈاکٹر عبدالباسط اورریحان اکرام بھی موجود تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں