صحافی خاور حسین کی لاش کا معاملہ،تحقیقاتی کمیٹی قائم
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )صحافی خاور حسین کی سانگھڑ میں گاڑی سے لاش ملنے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی گئی۔کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) آزاد خان کریں گے ۔
کمیٹی کے ممبران میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عرفان بلوچ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سانگھڑ عابد بلوچ شامل ہیں۔وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء لنجار کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی صحافی کی پراسرار موت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور 7 روز میں اپنی رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کو دے گی۔ضیاء لنجار نے کہا ہہے کہ کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن ایف آئی آر کے اندراج کے بعد جاری کیا جائے گا۔دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے خاور حسین کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات اور اصل حقائق سامنے لانے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔شرجیل میمن نے کہا کہ خاور حسین نہ صرف ایک پروفیشنل صحافی تھے بلکہ میرے قریبی رفقا میں سے بھی تھے ، ان کا اچانک انتقال ناقابلِ تلافی نقصان ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ خاور حسین کی صحافت میں خدمات قابلِ تعریف ہیں، وہ دیانت داری اور سچائی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ خاور حسین کے انتقال سے صحافتی برادری ایک باصلاحیت ساتھی سے محروم ہو گئی ہے ، ان کی کمی کو پورا کرنا مشکل ہوگا۔