طوفانی بارشوں کی پیشگوئی:اشتہاری بورڈز سے جان لیوا حادثات کا خدشہ

طوفانی بارشوں کی پیشگوئی:اشتہاری بورڈز سے جان لیوا حادثات کا خدشہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں شدید بارشوں کی پیشگوئی اور اربن فلڈنگ کے انتباہ کے باوجود شہر بھر میں شاہراہوں کی عمارتوں پر نصب دیوہیکل بل بورڈ نہیں ہٹائے جا سکے ۔ دیوہیکل بل بورڈز انسانی زندگیوں کے لیے انتہائی خطرناک ہیں۔

 عدالتی احکامات کے باوجود سندھ حکومت اور شہری انتظامیہ کے ماتحت اداروں نے بھی مسئلے کو اہمیت نہیں دی۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شدید بارشوں کی پیشگوئی اور اربن فلڈنگ کے انتباہ کے باوجودنصب دیو ہیکل سائن بورڈز کو نہیں ہٹایا جاسکا جس کی وجہ سے کوئی بڑا حادثہ بھی رونما ہوسکتا ہے ۔ اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کو بل بورڈمافیا نے نظر انداز کر دیا ہے اور شہر کی کسی بھی شاہراہ اور اس کے اطراف کی بلند عمارتوں سے تاحال بل بورڈز نہیں اتارے گئے ہیں ۔ ملنے والی اطلاعات کے مطابق شارع فیصل،کورنگی روڈ، شاہراہ پاکستان،راشد منہاس روڈ،شہید ملت روڈ، ایئرپورٹ، شاہراہ عراق اور دیگر کمرشل شاہراہوں پر بلند عمارتوں پر دیوہیکل بل بورڈبدستور نصب ہیں جو کراچی میں ممکنہ طوفانی بارشوں کے دوران کسی بڑے حادثے کا باعث بن سکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک جانب سندھ حکومت اور صوبائی وزراء ممکنہ طوفان کی تباہ کاریوں سے عوام کو توآگاہ کررہے ہیں لیکن ان کی جانب سے عوام کی جان ومال کو تحفظ دینے کیلئے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے متعدد مقامات پر سڑکیں کھدی ہوئی ہیں جو ممکنہ شدید بارشوں کے نتیجے میں انسانی جانوں کے لیے ایک بڑا رسک ہیں۔یاد رہے کہ اتوار کی شام کو کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی، جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا ۔شہر قائد میں صبح سے موسم کافی گرم اور تیز دھوپ نکلی ہوئی تھی، تاہم شام کے اوقات میں ہونے والی برسات نے شہر کا موسم خوشگوار کردیا، بارش کے بعد کراچی میں گرمی میں بھی کمی واقع ہوئی ہے ۔نارتھ کراچی، نیوکراچی، سرجانی ٹاؤن اور اطراف میں بارش ہوئی جبکہ منگھوپیر روڈ، سائٹ ایریا اور ناردرن بائی پاس پر بھی بادل برسے ۔اس کے علاوہ کراچی کے مرکزی علاقے نارتھ ناظم آباد اور نصرت بھٹو کالونی میں بھی بارش ہوئی جس سے حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ پیر کی شب مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شہر کا رخ کرے گا، ابتدا میں معتدل بارش کا امکان جبکہ 20 اور21 اگست کو گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں