خاتون کی گلہ کٹی لاش کامعمہ حل،شوہرقاتل نکلا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سولجر بازار میں فلیٹ سے گلا کٹی لاش ملنے کا معمہ حل شوہر نے ہی بیوی کو گلا کاٹ کر قتل کیا واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا تفصیلات کے مطابق سولجر بازار نمبر تین کے فلیٹ سے خاتون کی لاش ملنے کا معمہ حل ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کلثوم کو اس کے شوہر سید قمر عابدی نے قتل کیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ قمر عابدی بیوی پر شک کرتا تھا، وہ روزانہ گھر کو تالا لگا کر کام پر جایا کرتا تھا، تاہم واردات کے روز تالا نہیں لگایا گیا اور قتل کے بعد وہ معمول کے مطابق کام پر چلا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی بیوی کو قتل کرنے سے قبل بیٹی کو نشہ آور دوا پلا کر سلا دیا تھا۔ جب 8 سے 9 سالہ بچی منتہا جاگی تو اس نے اپنی ماں کی لاش دیکھ کر شور مچایا جس پر اہلِ محلہ کو اطلاع ملی۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو بچی کے نشہ آور دوا کے زیر اثر ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا گیا۔فلیٹ کے ایک کمرے سے مقتولہ کلثوم کی لاش برآمد ہوئی جبکہ دوسرے کمرے میں بچی سو رہی تھی۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی عاصم کی مدعیت میں شوہر سید قمر عابدی کے خلاف درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔مدعی کے مطابق 15 سال قبل کلثوم کی پسند کی شادی قمر عابدی سے ہوئی تھی۔ ایک سال سے قمر بیوی پر تشدد کرتا اور خرچ بھی نہیں اٹھاتا تھا جبکہ منشیات کا بھی عادی تھا۔