شہید حسن نصراللہ عالم اسلام کے عظیم رہنما تھے ، باقر عباس
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ سید باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ عالم اسلام کے لیڈر شہید سید حسن نصراللہ ایک عظیم اور لطیف شخصیت کے مالک انسان تھے جنہوں نے کسی پر ظلم برداشت نہیں کیا۔۔۔
انہوں نے کہا کہ جو عزت و وقار کے ساتھ جینا اور مرنا چاہتے ہیں، انہیں شہدائے قدس کے نقش قدم پر چلنا چاہیے ۔ فلسطین اور لبنان کے مظلومین کی استقامت نے عالم اسلام میں نئی بیداری کی لہر پیدا کر دی ہے ۔ یہ بات انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس میں سندھ و کراچی کے دیگر سینئر رہنماؤں بشمول علامہ صادق جعفری، علامہ مختار امامی، علامہ حیات عباس، علامہ ملک عباس، علامہ مبشر حسن اور ناصر الحسینی بھی شریک تھے ۔علامہ باقر نے کہا کہ حزب اللہ اور حماس کے شہداء نے اسرائیل کی طاقت کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے ۔ یہ شہداء تحریک مقاومت کے تاجدار ہیں جنہوں نے تحریک آزادی قدس کو نئی زندگی دی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید حسن نصراللہ، اسماعیل ہنیہ، ہاشم صفی الدین اور یحییٰ سنوار کی شہادت کے باوجود مقاومت کمزور نہیں ہوئی بلکہ غزہ کی جنگ عالم اسلام کی جنگ ہے ۔انہوں نے کہا پورا خطہ مغربی سامراجیت کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے ۔ شہداء کی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ اور اسرائیل سمیت سامراجی طاقتوں کے عزائم خاک میں مل رہے ہیں۔