پیپلز پارٹی کی حکومت میں عوام ڈاکوؤں کے نشانے پر ،منعم ظفر

پیپلز پارٹی کی حکومت میں عوام ڈاکوؤں کے نشانے پر ،منعم ظفر

جرائم کی وارداتیں بڑھ رہیں،شہریوں کی اموات کے واقعات بھی تھم نہ سکےاصل مسئلہ پولیس میں بڑے پیمانے پر سیاسی بھرتیاں ،امیرجماعت اسلامی کراچی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں مسلح ڈکیتیوں کی بڑھتی وارداتوں، ڈاکوؤں کی لوٹ مار و فائرنگ اور شہریوں کی اموات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت و محکمہ پولیس کی نا اہلی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کی شدید مذمت کی اور کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں عوام مسلسل ڈاکوؤں کا نشانہ بن رہے ہیں اورجرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر ہیں، ملک کے سب سے بڑے شہر، تجارتی حب اور اقتصادی شہ رگ میں بد امنی، مسلح ڈاکوؤں کو پولیس کی کھلی چھوٹ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی نے سنگین صورتحال اختیار کر لی ہے ۔ پیپلزپارٹی 17سال سے مسلسل حکومت کررہی ہے اور کراچی میں امن و امان، چوری و ڈکیتیوں اور مسلح عناصر کی لوٹ مار کی وارداتوں کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی، حکومتی دعوؤں کے باوجود شہر میں جرائم کی وارداتیں کم ہونے کے بجائے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ بھتے کی وصولی کے واقعات بھی سامنے آرہے ہیں، ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کی اموات کے واقعات بھی تھم نہ سکے اور صرف رواں سال 68افراد جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی شامل ہے ، ڈاکوؤں کی گولی کا نشانہ بن چکے ہیں۔منعم ظفر خان نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ پولیس میں بڑے پیمانے پر سیاسی بھرتیاں کی گئیں اور کراچی کے مقامی لوگوں کو جان بوجھ کر بھرتی نہیں کیا گیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں