آر ایل این جی کے کنکشنز 45روز میں فراہم کرنیکافیصلہ
پہلا آر ایل این جی کنکشن بھی نصب،بایو گیس منصوبوں پر بھی غور و فکر بارشوں میں انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا ،قائم مقام ایم ڈی سوئی سدرن
کراچی (رپورٹ:حمزہ گیلانی)سوئی سدرن کمپنی نے اہلیانِ کراچی کیلئے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ آر ایل این جی کے نئے کنکشنز اب 45 روز کے اندر فراہم کیے جائینگے ۔ دنیا نیوز کو خصوصی طور پر کمپنی کے قائم مقام منیجنگ ڈائریکٹر امین راجپوت نے بتایا کراچی میں پہلا آر ایل این جی کنکشن بھی نصب کردیا گیا ہے جبکہ اس کے حصول کے فارم ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں ۔ امین راجپوت نے بتایا کہ گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے بایو گیس کے منصوبوں پر بھی غور و فکر شروع کردیا ہے تاکہ متبادل ذرائع سے توانائی کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2021 سے قبل جمع ہونے والی درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد کیا جائے گا تاہم نئے کنکشن حاصل کرنے کے خواہشمند صارفین کو تین شرائط پوری کرنا ہوں گی جن میں اضافی رقم جمع کرانا، حلف نامہ دینا اور نیا ایگریمنٹ سائن کرنا شامل ہے ۔امین راجپوت نے واضح کیا کہ سوئی سدرن کمپنی کا کوئی آفیشل کانٹریکٹر موجود نہیں اس سے متعلق گیس صارفین کو براہِ راست کمپنی سے ہی رابطہ کرنا ہوگا تاکہ فراڈ یا جعلسازی سے بچا جاسکے ۔ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں کے دوران کراچی کے انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچاجسکی بحالی کیلئے کمپنی نے روڈ ریسٹوریشن چارجز کی مد میں میونسپل ٹاؤنز اور بلدیہ عظمیٰ کو اربوں فراہم کیے تاہم انہوں نے کہا کہ مون سون میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔