گریٹر کراچی پلان پرکام شروع،فریم ورک تیار

گریٹر کراچی پلان پرکام شروع،فریم ورک تیار

پلان میں عوامی رائے کو شامل کرنے کیلئے دو روزہ اوپن ہاؤس نمائش ہوگی منصوبہ شہریوں کے لیے تحفہ اوربلاول بھٹو کے وژن کا اہم جز ،وزیربلدیات

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کراچی کی ترقی کیلئے گریٹر پلان 2047 پر کام شروع کرتے ہوئے فریم ورک تیار کرلیا۔وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ گریٹر کراچی منصوبہ شہریوں کے لیے حکومتِ سندھ کا تحفہ ہے اور اس پلان کی تکمیل چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کا اہم جز ہے ۔ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے بتایا کہ گریٹر کراچی ریجنل پلان میں عوامی رائے کو شامل کیا جائے گا، اس حوالے سے فریئر ہال میں 18 اور 19 اکتوبر کو دو روزہ اوپن ہاؤس نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہری فریئر ہال نمائش میں اپنی آراء اور تجاویز پیش کر سکیں گے ۔ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا تھا کہ کراچی کی آبادی 21 ملین سے تجاوز کر چکی، پلان 2047 مستقبل کی رہنمائی کرے گا، منصوبے میں مقامی و بین الاقوامی ماہرین اور شہری شامل ہوں گے اور یہ پلان 31 ماہ میں یعنی جون 2027 تک مکمل ہوگیا۔منصوبے کے حوالے سے رائے دینے اور آگاہی کیلئے ویب سائٹ بھی متعارف کرادی گئی ہے ۔حکومت سندھ کی زیر نگرانی گریٹر کراچی ریجنل پلان 2047 کو شہریوں تک معلومات کی رسائی کے لئے اوپن ہاؤس نمائش کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔اوپن ہاؤس نمائش کا مقصد، شہریوں کی آواز، شہر کا مستقبل عوام کے ساتھ منصر ہے ۔اس منصوبے میں عوامی شمولیت کو بنیادی حیثیت حاصل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں