پیپلز بس ، ای وی ٹیکسی کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنیکا فیصلہ

پیپلز بس ، ای وی ٹیکسی کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنیکا فیصلہ

ٹریفک مینجمنٹ، سکیورٹی اور عوامی تحفظ کے اقدامات میں بہتری آئے گی، سینئر وزیر شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے شہری سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پیپلز بس سروس اور ای وی ٹیکسی سروس کے ان ڈور اور آؤٹ ڈور کیمروں کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (آئی ٹی ایس)کو سیف سٹی پروجیکٹ کے ساتھ جوڑنے سے نہ صرف عوامی ٹرانسپورٹ کا نظام محفوظ ہوگا بلکہ شہری علاقوں میں سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ بھی جدید خطوط پر استوار کی جائے گی۔ کیمروں کے انضمام کے بعد کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں سیکیورٹی مانیٹرنگ، ٹریفک کنٹرول اور عوامی تحفظ کے اقدامات میں نمایاں بہتری آئے گی۔شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ حکومت سندھ دسمبر میں جدید ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ اس حوالے سے سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے سینئر وزیر سے ملاقات کی۔ نجی سرمایہ کاروں نے ای وی ٹیکسی منصوبے کے ڈھانچے ، چارجنگ اسٹیشنز کے قیام اور آپریٹنگ ماڈلز سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں جدید سفری نظام کی اشد ضرورت ہے ، اسی لیے حکومت چاہتی ہے کہ دسمبر تک ای وی ٹیکسی سروس شروع کر دی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں