سکھر:بدنام ڈاکو بیٹے سمیت مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

سکھر:بدنام ڈاکو بیٹے سمیت مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

سلطان اور بیٹے حبدار نے دوران ڈکیتی نوجوان، تعاقب پر پولیس اہلکار کو زخمی کیاگھیراؤ کے دوران پولیس کی جوابی کارروائی میں مارا گیا،ایس ایس پی سکھر اظہر مغل

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر میں دہشت کی علامت بدنام ڈاکو سلطان شاہ بیٹے سمیت مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کے مطابق بدنام ڈاکو سلطان شاہ نے اپنے بیٹے حبدار شاہ کے ہمراہ پرانی مچھلی مارکیٹ کے علاقے میں نوجوان فیضان شیخ سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھینی اور مزاحمت پر نوجوان کو زخمی کردیا،جس پر روہڑی پولیس کے ایک اہلکار نے موٹر سائیکل پر تعاقب کیا تو ملزموں نے اسے بھی فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور فرار ہوکر سی سیکشن تھانے کی حدود میں پناہ لی، پولیس نے علاقے کاگھیراؤ کرلیا، ملزموں نے پولیس کا گھیراؤ توڑنے کے لیے فائرنگ کی تاہم جوابی فائرنگ میں بدنام ڈاکو سلطان شاہ اور اس کا بیٹا حبدار شاہ موقع پر ہلاک ہوگئے ۔ پولیس نے ملزموں کی لاشیں اور ایک کار تحویل میں لے لی ہے ۔

ہلاک ڈاکو سلطان شاہ نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کے دور میں گرفتاری پیش کی تھی اور جیل سے رہائی کے بعد سکھر میں سیاسی و سماجی کاموں میں حصہ لیا اور آزاد امیدوار کی حیثیت سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ سے الیکشن بھی لڑا۔سلطان شاہ نے ایک سیاسی جماعت میں بھی شمولیت اختیار کی تھی۔ ڈی آئی جی سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ اور ایس ایس پی اظہر خان مغل کے مطابق ڈاکو سلطان شاہ پر چوری، ڈکیتی، پولیس مقابلوں اور اغوا برائے تاوان سمیت 48 سے زائد مقدمات درج اور گرفتاری پر 20 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔ سلطان شاہ نے ہتھیار ڈالنے اور جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ وارداتیں شروع کردی تھیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں