معاشی حب کا کوئی پرسان حال نہیں،متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار،شہریوں کا مشکلات
شہر کا روڈ نیٹ ورک کئی ہزارکلومیٹر طویل، پی آئی بی جیل روڈ، جیکب لائن،کورنگی ،لیاقت آباد کی سڑکیں بھی توجہ کی منتظر،انتہائی خراب مٹیریل استعمال کیا جاتا ہے ،شہریوں کا شکوہ
کراچی(سٹی ڈیسک)کراچی کی متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ جانے کے باعث لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور اس کے نتیجے میں گاڑیاں بھی خستہ حالی کا شکارہیں،پاکستان کا معاشی حب کراچی ہے جو ٹیکس کا سب سے بڑا ذریعہ بھی ہے لیکن اس کے باوجود 2 بندرگاہیں رکھنے والے کراچی کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ہزاروں کلو میٹر پر پھیلا تباہ حال روڈ انفرااسٹرکچر اس بات کا گواہ ہے کہ ملکی معیشت کو کندھے پر اُٹھانے والا یہ شہر بری طرح نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔گرومندر سے تین ہٹی جانے والی جہانگیر روڈ کی حالت زار توجہ کی منتظر ہے ،اسی طرح پیر الٰہی بخش (پی آئی بی ) کالونی کے ساتھ گزرنے والی جیل روڈ کی خراب حالت سے بھی عوام واقف ہیں جہاں سڑک پر گڑھے پڑے ہوئے ہیں۔
لیاقت آباد اور جیکب لائن میں بھی سڑکوں کی خراب صورت حال سے مکین نالاں ہیں۔کورنگی کارخ کرنے والے بھی وہاں کی سڑکوں کی حالت سے بخوبی واقف ہیں۔ شہریوں کا شکوہ ہے کہ اول تو سڑکیں بنتی نہیں اور بنتی ہیں تو اتنے خراب مٹیریل سے کہ ایک دو ماہ بعد ہی پھر ویسی ہی ناہموار اور گڑھے دار ہو جاتی ہیں، یونیورسٹی روڈ اور بعض دیگر اہم سڑکیں اسی خرابی کی مثال ہیں۔ خراب سڑکوں کے باعث لوگوں کو جن مسائل کا سامنا ہے ، اُن میں ٹریفک جام سرفہرست ہے جبکہ گاڑیوں کی مرمت کی مد میں شہریوں کو اضافی اخراجات بھی برداشت کرنے پڑتے ہیں،کراچی کا روڈ نیٹ ورک کئی ہزار کلو میٹر طویل ہے ۔