حیدر آباد:پٹاخہ فیکٹری گودام کا پولیس کوعلم تھا، زخمی کا دعویٰ
دیگر ادارے بھی جانتے تھے ، ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی، گفتگوسول اسپتال میں وقاص احمد چل بسا، دھماکے سے اموات 10 تک پہنچ گئیں
حیدر آباد(بیورو رپورٹ)لطیف آباد کی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے سے اموات 10 ہوگئیں، جبکہ زخمی کا کہنا ہے کہ پولیس اور دیگر ادارے دھماکہ خیز مواد کے گودام سے واقف تھے ، انہیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ہفتے کے روز آتش بازی کا سامان بنانے والے غیر قانونی گودام میں دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ علاقے کے متعلقہ اداروں اور حد کے ایس ایچ او کو گودام کی موجودگی اور اس میں آتش گیر مواد رکھنے کا علم تھا۔ زخمی شخص کے مطابق اداروں کو سب پتا تھا، حد کے ذمہ داروں کو بھی معلوم تھا، لیکن اصل ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، علاقہ مکینوں نے بھی واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گودام واقعی غیر قانونی تھا تو اس کی موجودگی پر خاموشی اختیار کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے ۔ دوسری جانب سول اسپتال میں زیر علاج ایک اور مزدور وقاص احمد جوکہ لطیف آباد بسم اﷲ سٹی کا رہائشی تھا، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، اس وقت سول اسپتال حیدرآباد میں اس سانحے کے تین زخمی زیر علاج ہیں ، دو زخمی گزشتہ روز کراچی کے سول اسپتال میں جاں بحق ہوگئے تھے ، دیگر زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد فارغ کردیا گیا۔