کراچی لاوارث شہر بن گیا، ٹینکر مافیا کو کھلی چھوٹ،ایم کیو ایم
کشمیر روڈ پر شہری کی ہلاکت حکومتی ناکامی، سانحہ نیپا بدترین کارکردگی کا مظہر سندھ حکومت کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں،اراکینِ سندھ اسمبلی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست اراکینِ سندھ اسمبلی نے شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور سنگین بلدیاتی ناکامیوں کو میئر کراچی اور صوبائی حکومت کی مجرمانہ لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو مکمل طور پر ایک لاوارث اور غیر محفوظ شہر بنا دیا گیا ہے ۔ حق پرست اراکین نے کہا کہ کشمیر روڈ پر ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری کی المناک موت اس بات کا صریح ثبوت ہے کہ شہر میں ٹینکر مافیا کو حکومتی سطح پر کھلی چھوٹ حاصل ہے ، جو قانون کی پرواہ کیے بغیر سڑکوں پر خوف کی علامت بنے ہوئے ہیں اور آئے دن شہریوں کی جانیں لے رہے ہیں۔ اراکین اسمبلی نے اس کے علاوہ نِیپا کے قریب ایک معصوم بچے کے کھلے مین ہول میں گرنے کے دلخراش واقعے کو بلدیاتی اداروں کی بدترین کارکردگی کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ نااہلی اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ کراچی کے گٹر اور مین ہول انسانی جانوں کے لیے قاتل بن چکے ہیں، اور میئر کراچی سمیت متعلقہ افسران اپنی آئینی ذمہ داریوں سے مکمل طور پر غافل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان تمام واقعات کا مقدمہ براہِ راست سندھ حکومت کے خلاف انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے اور مجرمانہ غفلت کی دفعات کے تحت درج کیا جائے ، کیونکہ یہ محض حادثات نہیں بلکہ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھوں عوام کا قتلِ عام ہے ۔