فراڈ کیس:اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر کی ضمانت منظور
10لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم،شریک ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی توثیقایف آئی اے کو اس نوعیت کے معاملات کی تفتیش کا براہ راست اختیار نہیں،وکیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے نجی کمپنی میں 53 کروڑ روپے کے فراڈ کے مقدمے میں اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر اور سابق سی ای او عاطف محمد خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے جب کہ شریک ملزمان چیف فنانشل آفیسرز عمران احمد چنہ اور فیصل محمود شیخ کی عبوری ضمانتوں کی بھی توثیق کردی ۔ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کے مطابق سابق سی ای او عاطف خان نے 53 کروڑ روپے سے زائد کا فراڈ کیا جبکہ چیف فنانشل آفیسرز کی معاونت کے بغیر کمپنی فنڈز سے ذاتی ٹریڈنگ اور فراڈ ممکن نہ تھا۔
عدالت میں ملزمان کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے کو کمپنی ایکٹ 2017 اور ایس ای سی پی ایکٹ کے تحت اس نوعیت کے معاملات کی براہ راست تفتیش کا اختیار نہیں کیونکہ یہ بنیادی طور پر ریگولیٹری نوعیت کے معاملات ہیں جن کا دائرہ کار ایس ای سی پی کے پاس ہے جبکہ کمپنی کی جانب سے نہ تو کوئی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، نہ داخلی انکوائری کی گئی بلکہ اس کے برعکس عاطف خان کا استعفیٰ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر نے طبی بنیادوں پر قبول کیا۔ استغاثہ کے مطابق گواہان کے بیانات میں کمپنی فنڈز کے غلط استعمال، جعلی ٹرم فنانس سرٹیفکیٹس اور مبینہ بے ضابطگیوں کا ذکر موجود ہے تاہم عدالت نے اپنے فیصلے میں مشاہدہ کیا کہ کسی سرمایہ کار کے نقصان کا کوئی ٹھوس ثبوت ریکارڈ پر پیش نہیں کیا گیا۔