آئی ایم ایف رپورٹ نے کرپشن، اقربا پروری عیاں کردی، تنظیم اسلامی

آئی ایم ایف رپورٹ نے کرپشن، اقربا پروری عیاں کردی، تنظیم اسلامی

انتہائی دگرگوں معاشی حالت کے باوجود اشرافیہ کے اللے تللے جاری ہیں، شجاع الدینعدلیہ، بیوروکریسی ودیگر مقتدر حلقے بیرون ملک جاگیریں خریدنے میں مصروف، بیان

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)تنظیم اسلامی کے امیرشجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ ایم ایف کی حالیہ رپورٹ نے پاکستانی اشرافیہ کی کرپشن اور اقربا پروری کا پردہ چاک کر دیا۔ پاکستان کی انتہائی دگرگوں معاشی حالت کے باوجود اشرافیہ کے اللے تللے جاری ہیں۔ جب تک پاکستان سودی قرضوں کی جکڑ بندی اور کرپشن سے آزاد نہیں ہوتا، معیشت کی بہتری کا کوئی امکان نہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ 78 برس کے دوران جاگیرداروں، سیاست دانوں، عدلیہ، بیوروکریسی اور دیگر مقتدر حلقوں نے عوام کا خون چوس کر ملک میں اور بیرونِ ملک بڑی بڑی جاگیریں خریدی ہیں۔ ملکی معیشت کے تقریباً تمام اشاریے ہر آنے والی حکومت کے دور میں بری طرح متاثر ہوتے رہے ہیں، آج صورتِ حال یہ ہے کہ ملکی معیشت پاتال سے جا لگی ہے۔

احتساب اور مسابقتی نگرانی کرنے والے ادارے اپنا اصل کردار ادا کرنے کے بجائے اشرافیہ کی بی ٹیم بن چکے ہیں۔ امیر تنظیم نے کہا کہ ملکی معیشت کی ناگفتہ بہ حالت اور غربت و مہنگائی کے باعث عوام کے مسلسل پِسے جانے کی تصویر اِس قدر واضح ہے کہ اسے جاننے کے لیے کسی رپورٹ کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مملکتِ خداداد کا اصل معاشی مسئلہ سودی قرض ہے جو دسمبر 2025 میں 80 کھرب روپے سے بھی تجاوز کر چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک سے سودی لعنت ختم نہیں کی جاتی تو اﷲ تعالی کا سخت غضب اور قہر نازل ہونے کا خدشہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں