انتقام کی سیاست ملکی مفاد میں نہیں،شاداب رضا نقشبندی
آئین وقانون کی بالادستی قائم کرکے ہی خوف کی فضاء کو ختم کیا جاسکتا ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں،سربراہ سنی تحریک
کراچی (این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ آئین وقانون کی بالادستی قائم کرکے ہی خوف کی فضاء کو ختم کیا جاسکتا ہے ،عوام کو بنیادی حقوق اور معاشی طور پر ریلیف فراہم کرکے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے ،انتقام کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں، پاکستان دشمن قوتوں کا مقابلہ اتحاد ویکجہتی کی طاقت سے ہی کیا جاسکتا ہے ۔گزشتہ روزاپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کیلئے بانیان پاکستان کی اولادیں فرنٹ لائن پر سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونگی ،بھارت دھونس دھمکیوں اور گیدڑ بھبکیوں اور دہشتگردی جیسے مکروہ عزائم سے باز آجائے ،بھارت پاکستان میں دہشتگردی اور فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کررہا ہے۔
جس میں وہ کامیاب نہیں ہوگا ۔شاداب رضا نے کہا کہ پاکستان کے عوام ملک دشمن قوتوں کی ناپاک چالوں اور ناپاک عزائم کو سمجھ چکے ہیں ،ملک کی سلامتی کیلئے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو زمین بوس کرنا ہوگا ،ملک کی سلامتی کے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،ضلع مہمند ،ضلع بنوں میں فتنہ الخوارج اور خیبر پختونخواہ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن اور دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنانے پر سیکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،پاکستان کی خود مختاری ،سلامتی وتحفظ کیلئے پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے ۔