نیو کراچی کی گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب مکمل

نیو کراچی کی گلیوں میں پیور بلاکس کی تنصیب مکمل

آئندہ مرحلے میں گلیاں روشن کرنے کیلئے اسٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی

کراچی (این این آئی) چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ سیکٹر 11-J میں آج 25 گلیوں میں پیور بلاکس لگانے کا کام مکمل ہوا ہے تاہم ترقی کا یہ سفر یہیں ختم نہیں ہوگا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مرحلے میں گلیوں کو روشن کرنے کے لیے اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پانی اور سیوریج کے متعدد منصوبے بھی مکمل کیے جا چکے ہیں اور محدود وسائل کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے ۔ اس موقع پر یوسی چیرمین 11غضنفر علی خان، وائس چیئرمین یوسی11عمران شفیق اورٹاون اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین عمران فقیر اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ جماعتِ اسلامی ایک بااختیار اور وسائل سے آراستہ بلدیاتی نظام کی حامی ہے کیونکہ اسی کے ذریعے کراچی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام سے ہر سطح پر ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے حتیٰ کہ ایک بجلی کے بل میں 16 اقسام کے ٹیکس شامل ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود شہریوں کو بنیادی سہولیات میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی شدید پانی کے بحران کا شکار ہے اور سردیوں کے موسم میں بھی کئی علاقوں میں لائنوں کے ذریعے پانی دستیاب نہیں، ہم اس ظالمانہ نظام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں