جناح اسپتال کا مالی بحران :مریضوں کو ذہنی اذیت کا سامنا
اسپتال انتظامیہ کو پیرا میڈیکل، نرسری اسٹاف اور فیکلٹی کی کمی کا مسئلہ درپیش اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 2ہزار افراد درکار ہیں ، ڈاکٹر وقاص خان
کراچی (این این آئی)شہر قائد کا جناح اسپتال کہنے کو تو ملک کا سب سے بڑا سرکاری اسپتال ہے لیکن بدقسمتی سے ارباب اختیار کی عدم توجہی اور مجرمانہ غفلت کے سبب مریضوں کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔تفصیلات کے مطابق یہاں آنے والے مریض بے شمار بنیادی سہولیات سمیت ادویات سے بھی محروم ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اسپتال انتظامیہ کو پیرا میڈیکل، نرسری اسٹاف اور فیکلٹی کی کمی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے ، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے میڈیکل افسران فراہم کیے جاچکے ہیں۔اس کے علاوہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے فیکلٹی بھی دی گئی ہے ، اگر تقرریوں کی بات کی جائے تو اس حوالے سے صورتحال التوا کا شکار ہے جس کے سبب متعدد مسائل حل طلب ہیں۔سرکاری اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے فقدان کے سبب اسپتال میں زیرعلاج مریض بھی انتہائی ضروری ادویات بھی بازار سے خرید کر لانے پر مجبور ہیں۔جناح اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وقاص خان نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت اسپتال کو اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 2 ہزار افراد درکار ہیں ۔