سندھ توڑنے کی بات کوئی بھی کرے ، قبول نہیں، نوید قمر
عوام متحد، صوبے کی وحدت کیخلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے ، گفتگو
ٹنڈو محمد خان (مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید نوید قمر نے واضح کیا ہے کہ سندھ کو توڑنے کی بات چاہے ایم کیو ایم کرے یا کوئی اور، یہ کسی صورت ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام متحد ہیں اور صوبے کی وحدت کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ٹنڈو محمد خان میں اقلیتی برادری کے 100 خاندانوں میں ہنگلاج یاترا کے لیے چیکس تقسیم اور مختلف ترقیاتی اسکیموں کا دورہ کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا اہم حصہ ہیں اور ان کے مذہبی و سماجی حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنگلاج یاترا کے لیے مالی معاونت اقلیتی برادری سے یکجہتی اور ان کے مذہبی جذبات کے احترام کا عملی اظہار ہے ۔