سہراب گوٹھ اڈے،امریکی قونصلیٹ کے قریب آتشزدگی،بس اورورکشاپس جل گئیں
مائی کولاچی روڈ پرخالی پلاٹ میں اگی جھاڑیوں کی آگ پر6فائر ٹینڈرزنے قابوپایا،این ایل سی کنٹینر یارڈ محفوظ،سپرہائی وے پر دو بسوں کو جزوی نقصان بھی پہنچا
کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈے کے قریب کھڑی بسوں میں آگ لگ گئی۔ ادھر مائی کولاچی روڈ امریکن قونصلیٹ کے قریب خالی پلاٹ پر جھاڑیوں میں آگ لگ گئی۔تفصیلات کے مطابق سچل تھانے کے علاقے سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈے کے قریب کھڑی مسافر بسوں میں آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے دو فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے اور نصف گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ کو بجھا کر کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔ حکام ریسکیو 1122 کے مطابق آگ لگنے سے ایک بس مکمل جل گئی جبکہ دو بسوں کو جزوی نقصان پہنچا۔آگ کچرا کنڈی میں لگی جس نے قریب ہی کیبنز میں بنی ورکشاپس کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور وہ سامان سمیت خاکسترہوگئیں۔دوسری جانب مائی کولاچی روڈ امریکن قونصلیٹ کے قریب خالی پلاٹ پر اگنے والی جھاڑیوں میں آگ لگی۔جھاڑیوں میں اچانک بھڑکنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکی اور شعلے فضا میں بلند ہونا شروع ہو گئے ۔ کے پی ٹی،ریسکیو 1122 اور کے ایم سی کے مجموعی طور پر 6 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے اور دو گھنٹے کی مسلسل جدو جہد کے بعد آگ کو بجھا کر کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔فائربریگیڈ حکام کے مطابق جھاڑیوں میں 12 بجے کے قریب آگ لگی اورفائر بریگیڈ نے آگ کو پھیلنے سے روکتے ہوئے این ایل سی کنٹینر یارڈ کو جلنے سے بچایا ۔ حکام نے شبہ ظاہر کیا کہ جھاڑیوں میں آگ مبینہ طورپر نشے کے عادی افراد کی غفلت و لاپروائی کی وجہ سے لگی۔ دونوں واقعات میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔