آر آر ایف اور ایس پی یو سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ،آئی جی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے کہا ہے کہ آر آر ایف اور ایس پی یو جیسے خصوصی یونٹس کے قیام سے سندھ میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔۔۔
خصوصاً کچہ ایریاز میں اغواء برائے تاوان اور ڈاکوؤں کے خلاف مؤثر کارروائیاں ممکن ہو سکیں ۔یہ بات آئی جی سندھ نے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے تقریب کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے دوران آر آر ایف اور ایس پی یو کے افسران و جوانوں سے ملاقات ہوئی جو ان کے لیے باعثِ فخر ہے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ ان کی ماضی میں اندرونِ سندھ کچہ ایریاز میں پوسٹنگ رہی ہے ، اور سندھ میں ان کی پہلی تعیناتی کے وقت کچہ ایریاز میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک تھی۔ اندازہ تھا کہ کچے کا علاقے میں پولیس کو کس طرح مؤثر بنایا جا سکتا ہے ، تاہم لوکل پولیس کو ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیوں میں شدید مشکلات اور چیلنجز کا سامنا تھا۔ انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے آر آر ایف کو کچہ ایریاز میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔