ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری، حادثات میں 3افرادجاں بحق

ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری، حادثات میں 3افرادجاں بحق

نارتھ ناظم آباد میں ٹینکر نے 22سالہ موٹر سائیکل سوار مطیع اللہ کو کچل دیالانڈھی زون گیٹ کے قریب ٹرک کی ٹکر سے حذیفہ چل بسا،ڈرائیور گرفتار

کراچی (اسٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات کسی بھی صورت تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے ۔ نارتھ ناظم آباد پیپلز چورنگی سائیکل مارکیٹ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے 22 سالہ موٹر سائیکل سوار مطیع اللہ کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں اس کی ایک ٹانگ شدید زخمی ہوئی اور موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ زخمی نوجوان کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو نذرآتش کرنے کی کوشش کی جسے ڈی ایس پی ناظم آباد کمال نسیم نے ناکام بنایا۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور عادل کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا ہے ، اور مزید تفتیش جاری ہے ۔اسی دوران لانڈھی زون گیٹ کے قریب تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے ایک اور موٹر سائیکل سوار حذیفہ جاں بحق جبکہ عرفان شدید زخمی ہوا، جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔اس کے علاوہ بلدیہ رئیس گوٹھ کسٹمز چیک پوسٹ کے قریب کار اور ڈمپر میں تصادم کے نتیجے میں 35 سالہ ضیاء اللہ موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور فرار ہوگیا لیکن ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے ۔پولیس حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تیز رفتاری اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی ہیوی ٹریفک حادثات کی بڑی وجہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں