سینٹرل جیل میں 300گریجویٹ قیدی طلبہ میں اسناد تقسیم
قیدی طلبہ نے سی آئی ٹی ،گرافکس ڈیزائننگ و دیگر کورسز میں کامیابی حاصل کیہنرمند بنانے پر کام کررہے ،فدا حسین، 5شعبوں میں تربیت دے رہے ،نوید علی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت کی جانب سے کراچی سینٹرل جیل میں قائم الخدمت کمپیوٹر ٹریننگ اینڈ لینگویج سینٹر کے تحت گریجویٹ کرنے والے 300قیدی طلبہ میں اسناد تقسیم کر دی گئیں۔ اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سینٹرل جیل کراچی میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی پریژن اینڈ کریکشن سروسز سندھ فدا حسین مستوئی تھے ۔تقریب سے چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے خطاب کیا۔تقریب میں سی آئی ٹی، گرافکس ڈیزائننگ ، انگلش،چائنیز اور عریبیک لینگویج کے گریجویٹ قیدی طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ الخدمت نے قیدی طلبہ کو سندھ ٹیکنیکل بورڈ آف ایجوکیشن سے الحاق شد اسناد دی ہیں۔آئی جی پریژن اینڈ کریکشن سروسز سندھ فدا حسین مستوئی نے کہا کہ پولیس کا کام امن وامان کا قیام ہے ، قیدیوں کو تمام قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد جیل ہوتی ہے ،جیل کا مقصد اصلاح ہوتا ہے ،قیدی اپنی قیدکاٹنے کے بعد نارمل شہری کی طرح زندگی بسر کریں۔
ہمارے معاشرے میں یہ افسوسناک بات ہے کہ معاشرہ قیدی کو قید کاٹنے کے بعد عام شہری کی طرح قبول نہیں کرتا۔ ایسے میں الخدمت جیسے اداروں کا کردار سامنے آتا ہے یاحکومت کا کردار آتا ہے کہ وہ قیدیوں کی بحالی کیلئے کام کر تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم قیدیوں کو ایسا ہنر دینا چاہتے ہیں جس میں ملازمت کی ضرورت نہ پڑے ۔ چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت کاکمپیوٹر ٹریننگ اینڈ لینگویج سینٹر ساڑھے 5ہزار قیدی طلبہ کو تربیت فراہم کرچکا ہے اور 5شعبوں میں تربیت دی جا رہی ہے ۔ ہم نے جیل ہی میں یہ مثال قائم نہیں کی بلکہ ہم پورے کراچی اور ملک میں نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دے کر انہیں قابل بنانے کی جدوجہد کررہے ہیں۔