رواں سال بھی شہریوں کیلئے ہلاکت خیز،سب سے زیادہ ٹریفک حادثات میں 830اموات

رواں سال بھی شہریوں کیلئے ہلاکت خیز،سب سے زیادہ ٹریفک حادثات میں 830اموات

فائرنگ میں 407جاں بحق ،ڈکیتی مزاحمت پر89اورچھریوں سے 43افرادقتل ،25لاشیں ملیں،خودکشی،سلنڈر،گرنے ،ڈوبنے ،کرنٹ ودیگرحادثات میں بھی درجنوں جانیں گئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چھیپا فاؤنڈیشن نے 2025میں کراچی میں پیش آنے والے مختلف حادثات و واقعات اور دیگر سانحات میں ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کے اعداد و شمارجاری کردئیے ۔ترجمان چوہدری شاہد حسین کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات کی شرح زیادہ رہی،830 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 650 مرد، 85خواتین 73بچے اور 22 بچیاں شامل ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 11ہزار 837 رہی ۔ ڈکیتی مزاحمت پر اب تک 89شہری قتل ہوچکے جبکہ 14ڈاکو شہریوں کے تشدد سے ہلاک اور 35زخمی ہوئے ۔فائرنگ میں 407 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 352مرد، 33خواتین، 14بچے اور 8بچیاں شامل ہیں۔زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 1632ہے ۔ 21افرادکی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں۔ 4بوری بند لاشیں ملیں جبکہ چھریوں کے وار سے 43افراد قتل ہوئے ۔پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکے کے باعث ملبے تلے دب کر اور جھلس کر 05 افراد جاں بحق اور 31 افراد زخمی ہوئے ۔ گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں 11 افراد جاں بحق ہوئے ،چھت سے گرکر73،چھت گرنے سے 19،ٹرین کی ٹکرسے 51،پانی میں ڈوب کر 83جبکہ جھلس کر 21 افراد جاں بحق  ہوئے ،کرنٹ لگنے کے واقعات میں 131،گٹر میں گرکر 13 افرادکی موت ہوئی ۔13 افراد کھلے نالوں میں ڈوب کرجاں بحق ہوئے ۔خودکشی کے واقعات میں 119افراد زندگی سے محروم ہوگئے ۔ مختلف مقامات سے 33 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں بھی ملیں،منشیات کے استعمال میں زیادتی کے باعث 381 مرد اور 5 خواتین کی لاشیں بھی شہر کے مختلف علاقوں سے اٹھائی گئیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں