حیدر آباد:چوری کا ملزم پولیس کی تحویل میں جاں بحق

حیدر آباد:چوری کا ملزم پولیس کی تحویل میں جاں بحق

اسحاق پٹھان کوندیم نامی شخص کے باڑے سے چوری الزام پرگرفتار کیا گیا تھاورثا کا پولیس پر تشدد کا الزام، لاش ایس ایس پی دفتر کے سامنے رکھ کراحتجاج

حیدر آباد(بیورو رپورٹ)چوری کے الزام میں گرفتار ملزم پولیس کی تحویل میں مبینہ طور پر تشدد سے جاں بحق ہوگیا۔ اہل خانہ نے لاش ایس ایس پی دفتر کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا، اور پولیس کے خلاف نعرے لگائے ۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے گلشن خیر محمد کے رہائشی 30 سالہ اسحاق پٹھان کو پولیس نے ندیم نامی شخص کے بھینسوں کے باڑے سے چوری کے الزام میں حراست میں لیا تھا، دوران تفتیش مبینہ طور پر ملزم پر تشدد کیا گیا، جس سے ملزم کی حالت غیر ہوگئی، اسے سول اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑ گیا ۔ ایس ایس پی آفس کے اعلامئے اور ایس ایچ او ہوسڑی محمد جمن کے مطابق پولیس نے تشدد نہیں کیا، ملزم پہلے سے بیمار تھا ۔ واقعہ کے بعد ورثاء نے شدید احتجاج کیا، لاش ایس ایس پی آفس کے سامنے رکھ کر پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ورثاء کا کہنا تھا کہ اسحاق کو پولیس نے تشدد کرکے مارا ہے ، اسکو صحیح حالت میں گرفتار کیا اور چوری کا الزام جھوٹا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہوسڑی پولیس نے اسحاق کا پوسٹ مارٹم بھی نہیں کروایا، انھوں نے وزیر اعلی، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد سے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او ہوسڑی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں