پنجاب پولیس کو مطلوب خطرناک ڈاکو گھوٹکی میں مارا گیا
چھلو بکھرانی انڈھڑ گینگ کا کارندہ، سرکی قیمت 50لاکھ تھی، متعدد ٹھکانے تباہنوشہرو فیروز میں بھی مقابلوں کے دوران زخمی دو ڈاکو گرفتار، مقدمات درج
گھوٹکی، پڈعیدن (نامہ نگاران)پنجاب پولیس کو مطلوب خطرناک ڈاکو گھوٹکی میں آپریشن کے دوران مارا گیا، سندھ اور پنجاب کے سرحدی کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران خطرناک انڈھڑ گینگ کا کارندہ چھلو بکھرانی ہلاک ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب نے ہلاک ڈاکو کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ ڈاکو کی لاش کو کشتی کے ذریعے ریسکیو کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانے مسمار کر کے نذرِ آتش کر دیے گئے ، جبکہ علاقے میں موجود دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی گھیراؤ تنگ کر دیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق انڈھڑ گینگ، لولائی گینگ اور سکھانی گینگ کے خلاف جاری آپریشن آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے ۔ دوسری جانب پڈعیدن میں ڈکیتی وارداتوں میں ملوث 2 ڈاکوؤں کو پولیس مقابلوں کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ بھریا روڈ پولیس کے مطابق پکا چانگ لنک روڈپر ڈکیتی کی نیت سے کھڑے رہزنوں نے پولیس پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو عبدالجبار ولد ہدایت اللہ کھکھرانی کو گرفتار کرلیا، ملزم کا تعلق لاڑکانہ سے ہے ، ادھر پھل لنک روڈ پر گاؤں سہراب مری کے پاس بھی فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ڈاکو امیر علی شاہ ولد عباس شاہ کو گرفتار کرلیا گیا۔