شہیدبی بی نے انسانی وقار کیلئے جدوجہد کی، صوبائی وزیر

شہیدبی بی نے انسانی وقار کیلئے جدوجہد کی، صوبائی وزیر

شہادت کو کئی برس گزرنے کے باوجود وہ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیںبے نظیر بھٹو شہید پاکستان کا ایک روشن چہرہ تھیں ،سید ریاض حسین شیرازی

کراچی(اے پی پی)صوبائی وزیر برائے اوقاف، مذہبی امورسید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہاہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ پسماندہ طبقات کی بہتری، خوشحالی اور انسانی وقار کے لیے جدوجہد کی اور یہی وجہ ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے ممالک اور ادارے محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوری جدوجہد اور انسانی حقوق کے لیے خدمات کا اعتراف کرتے ہیں ، دنیا بھر میں سیمینارز اور تقریبات میں ان کی سیاسی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے ۔ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پرکیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کو کئی برس گزرنے کے باوجود وہ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید پاکستان کا ایک روشن چہرہ تھیں اور یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کا نام پاکستان سمیت دنیا بھر میں احترام سے لیا جاتا ہے ۔سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے کہا کہ ان کی شہادت سے بحیثیت قوم ہمیں ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے 27 دسمبر کے سانحے میں شہید ہونے والے ان جیالوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جن کی شناخت تک ممکن نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا اپنے قائد سے ایسا لگا ؤتاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا فلسفہ سیاست آج بھی وطن عزیز کے لیے مشعل راہ ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں