مودی حکومت کی سیاست نفرت پر قائم ہے ،ثروت قادری
بھارتی حکمران متعصبانہ پالیسیوں کے باعث سفارتی اور اخلاقی بحران کا شکارمودی سرکار نے جھوٹ کو ریاستی پالیسی بنا کر خطے کے امن کو دا ؤپر لگایا ہے
کراچی (این این آئی)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکمران اس وقت اپنی ہی غلط، متعصبانہ اور جنگی جنون پر مبنی پالیسیوں کے باعث شدید سیاسی، سفارتی اور اخلاقی بحران کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے نفرت،جھوٹ اور فالس فلیگ آپریشنز کو ریاستی پالیسی بنا کر نہ صرف خطے کے امن کو دا ؤپر لگایا بلکہ خود بھارت کو عالمی سطح پر تنہائی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔ مودی حکومت کا جھوٹا بیانیہ اب اندرونِ ملک بھی بری طرح بے نقاب ہو چکا ہے ۔ مودی سرکار ہمیشہ کی طرح اپنی نااہلی چھپانے کے لیے پاکستان دشمنی کا ڈھول پیٹ رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت کی پوری سیاست مسلمانوں کے خلاف نفرت، تشدد اور جبر پر قائم ہے ۔ بھارت کے اندر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں پر ہونے والے مظالم پوری دنیا کے سامنے ہیں، مگر بھارتی حکمران ان مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے کبھی فالس فلیگ آپریشنز اور کبھی جنگی بیانات کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی، معاشی بدحالی اور سیاسی انتشار مودی حکومت کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت دھمکیوں، جارحیت اور پروپیگنڈے کے ذریعے نہ پاکستان کو دبا سکتا ہے اور نہ ہی کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کو کچل سکتا ہے ۔