ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی

 ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی

نماز جنازہ میں ایم کیوایم رہنماؤں کی شرکت،سوسائٹی قبرستان میں سپردِ خاک تدفین کے بعد مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق کنوینر شہیدِ انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی بیوہ و سینئر کارکن و سابق رکن صوبائی اسمبلی شمائلہ عمران فاروق کی جسد خاکی لندن سے کراچی ہفتہ کی روز صبح کراچی ایئر پورٹ پر پہنچی جس کو انکے دونوں صاحبزادوں عالیشان فاروق اور وجدان فاروق نے ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی کے سینئر رکن ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ وصول کیا اور مرحومہ شمائلہ عمران فاروق کی جسد خاکی کو انکی والدہ کے گھر سوسائٹی ٹاؤن میں لیکر گئے۔

اس موقع پر اہلخانہ اور اہل محلہ سمیت ایم کیو ایم کے سینئر کارکنان کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔مرحومہ شمائلہ عمران فاروق کی نمازِ جنازہ رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں ادا کی گئی جس میں ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے سینئر اراکین سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی سمیت اراکینِ پارلیمنٹ، سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ذمہ داران، انچارج سی او سی فرقان اطیب و اراکین اور کارکنان سمیت لواحقین اور اہل محلہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مرحومہ کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سوسائٹی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ، جہاں پارٹی قیادت نے شہید ڈاکٹر عمران فاروق کے صاحبزادوں عالیشان فاروق اور وجدان فاروق سے ملاقات کی اور انہیں دلاسہ دیتے ہوئے صبر کی تلقین کی۔تدفین کے بعد مرحومہ کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں