سال 2025 ضلعی عدلیہ میں زیرالتوا مقدمات سنگین مسائل بنے رہے

 سال 2025  ضلعی عدلیہ میں زیرالتوا مقدمات سنگین مسائل بنے رہے

سب سے زیادہ مقدمات کا دباؤ جنوبی، شرقی، وسطی، غربی اور ملیرکے اضلاع پر رہا، عدالتوں کو غیر معمولی بوجھ کا سامنا کرنا پڑا اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں سندھ بھر کی ضلعی عدالتوں نے مجموعی طور پر 18 ہزار 643 مقدمات نمٹائے ،رپورٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کی ضلعی عدلیہ میں سال 2025 کے دوران بھی زیرِ التوا مقدمات، بریت کی بلند شرح اور مقدمات کے فیصلوں میں سست رفتاری بدستور سنگین مسائل بنے رہے ۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق سال 2025 کے دوران سندھ کے 28 اضلاع کی ضلعی عدالتوں میں 20 ہزار 613 نئے مقدمات دائر کیے گئے ، جبکہ 9 ہزار 905 مقدمات منتقلی کے ذریعے مختلف عدالتوں کو موصول ہوئے ۔ اسی عرصے میں 558 مقدمات بحال کیے گئے ۔ یوں سال بھر میں نمٹانے کے لیے دستیاب مقدمات کی مجموعی تعداد دو لاکھ 8 ہزار 599 رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں سندھ بھر کی ضلعی عدالتوں نے مجموعی طور پر 18 ہزار 643 مقدمات نمٹائے ۔ نمٹائے گئے مقدمات میں 2 ہزار 634 مقدمات میں بریت جبکہ صرف 364 مقدمات میں سزائیں سنائی گئیں۔ اسی طرح 12 مقدمات ثالثی اور 420 مقدمات مصالحت کے ذریعے طے پائے۔

اس کے باوجود سال کے اختتام پر سندھ بھر میں ایک لاکھ 79 ہزار 689 مقدمات بدستور زیرِ التوا رہے ۔اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ مقدمات کا دباؤ کراچی کے پانچ اضلاع جنوبی، شرقی، وسطی، غربی اور ملیر پر رہا، جہاں شہری آبادی کے تناسب اور قانونی تنازعات کی کثرت کے باعث ضلعی عدالتوں کو غیر معمولی بوجھ کا سامنا کرنا پڑا۔عدالتی ریکارڈ کے مطابق کراچی جنوبی میں سال 2025 کے دوران 1 ہزار 717 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 1 ہزار 316 مقدمات منتقلی کے ذریعے موصول ہوئے ۔ سال کے اختتام پر کراچی جنوبی میں 23 ہزار 838 مقدمات زیرِ التوا رہے ۔ کراچی شرقی میں صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک رہی۔ سال کے دوران 2 ہزار 813 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 1 ہزار 656 مقدمات منتقلی کے ذریعے موصول ہوئے۔

مجموعی طور پر 38 ہزار 475 مقدمات نمٹانے کے لیے دستیاب تھے ، تاہم ان میں سے صرف 2 ہزار 137 مقدمات نمٹائے جا سکے ۔ سال کے اختتام پر کراچی شرقی میں 34 ہزار 586 مقدمات بدستور زیرِ التوا رہے ۔ کراچی وسطی میں سال کے دوران 1 ہزار 377 نئے مقدمات دائر ہوئے اور 751 مقدمات منتقلی کے ذریعے موصول ہوئے ، جس کے بعد مجموعی مقدمات کی تعداد 21 ہزار 460 ہو گئی۔ سال بھر میں 1 ہزار 261 مقدمات نمٹائے گئے جبکہ سال کے اختتام پر 19 ہزار 436 مقدمات زیرِ التوا رہے ۔ کراچی غربی میں سال کے دوران 1 ہزار 641 نئے مقدمات دائر ہوئے اور 602 مقدمات منتقلی کے ذریعے موصول ہوئے ۔ سال کے اختتام پر کراچی غربی میں 18 ہزار 925 مقدمات زیرِ التوا رہے۔ ملیر میں سال کے دوران 1 ہزار 508 نئے مقدمات دائر ہوئے جبکہ 680 مقدمات منتقلی کے ذریعے موصول ہوئے۔ مجموعی مقدمات کی تعداد 24 ہزار 728 رہی، سال کے اختتام پر کراچی ملیر میں 22 ہزار 255 مقدمات زیرِ التوا رہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں