میرپور خاص:ٹریفک پولیس کا تجاوزات کیخلاف وارننگ آپریشن

میرپور خاص:ٹریفک پولیس کا تجاوزات کیخلاف وارننگ آپریشن

ریواچند گارڈن، اشرفی روڈ، پارس میوزک، مارکیٹ چوک میں ٹریفک جام معمولمتبادل جگہ نہ ہونے سے مافیا سڑکوں کے ساتھ ٹھیلے لگا لیتی ہے ، سارجنٹ حیدر علی

میرپور خاص (بیورو رپورٹ)شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور شاہراہوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لیے ٹریفک پولیس نے وارننگ آپریشن شروع کر دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں ریواچند گارڈن، اشرفی روڈ، پارس میوزک سینٹر، پوسٹ آفس چوک اور مارکیٹ چوک میں سڑکوں کے اطراف بے ترتیب کھڑے ٹھیلوں کے خلاف ٹریفک سارجنٹ حیدر علی نے اپنے عملے کے ہمراہ کارروائی کی۔ اس دوران ٹریفک اہلکاروں نے سڑکوں پر قائم ٹھیلوں کو وارننگ دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ شاہراہوں پر ٹھیلے نہ لگائیں۔ اس موقع پر ٹریفک سارجنٹ حیدر علی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس کے پاس ٹھیلے والوں کے خلاف چالان کرنے کے اختیارات موجود نہیں ہیں۔

تاہم سڑکوں کے کنارے کھڑے ٹھیلوں کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی تھی، جس کے پیش نظر آج وارننگ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیلوں کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ٹریفک سارجنٹ حیدر علی نے مزید بتایا کہ شہر میں ٹھیلے والوں کے لیے کوئی متبادل جگہ فراہم نہ کیے جانے کے باعث یہ مافیا سڑکوں کے ساتھ ٹھیلے لگا دیتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی سہولت اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایسے بے ترتیب ٹھیلوں کے خلاف آئندہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں