سول اسپتال سے 3ماہ کے بچے کا اغوا،فوٹیج سامنے آگئی
بچے کو ڈسچارج کروانے کا عمل جاری تھا تو ملزمہ بچہ لے کر فرارہوگئی،والدہسی سی ٹی وی ویڈیو میں خاتون اور اس کے ساتھی مرد کے چہرے واضح ہیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سول اسپتال بچہ وارڈ سے تین ماہ کے بچے کے اغوا کا افسوسناک واقعہ ، پولیس نے ملزمہ اور اس کے ساتھی کی ویڈیو حاصل کرلیں ، بچے کی والدہ کے مطابق 24 دسمبر کو ان کا بچہ بیمار تھا اور وہ علاج کے لیے اسپتال جا رہی تھیں۔والدہ نے بتایا کہ گھر کے قریب میراں ناکا پر بچے کو فیڈر پلانے کے لیے رکی تو ایک راہگیر خاتون نے ان سے رابطہ کیا اور بچے کا مکمل علاج کرانے کی یقین دہانی کروائی۔ خاتون 25 دسمبر کو بچے کی والدہ کے ساتھ بچے کو لے کر سول اسپتال پہنچی۔سول اسپتال میں بچے کو ڈرپ لگائی گئی اور دیگر طبی امداد دی گئی۔ والدہ کے مطابق جب بچے کو ڈسچارج کروانے کا عمل جاری تھا تو مذکورہ خاتون موقع سے بچہ لے کر فرار ہو گئی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے ، جس میں خاتون کو ایک مرد کے ہمراہ بچے کو شعبۂ امراضِ اطفال سے باہر لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ فوٹیج میں واضح ہے کہ خاتون بچے کو کپڑے میں لپیٹ کر اسپتال سے باہر نکلتی ہے ۔سی سی ٹی وی ویڈیو میں خاتون اور اس کے ساتھی مرد کے چہرے واضح دکھائی دے رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ عیدگاہ تھانے میں درج کیا گیا ہے اور اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے فوٹیج کی مدد لی جا رہی ہے ۔