قتل کا ملزم پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں مائی کلاچی کے علاقے میں مین ہول سے چار لاشیں ملنے کے معاملے کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس نے گرفتار ملزم مسرور حسین کو عدالت میں پیش کیا۔
عدالت نے ملزم کے خلاف الزامات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کیس سے متعلق پیش رفت رپورٹ عدالت میں پیش کرے ۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ملزم کے خلاف الزامات سنگین نوعیت کے ہیں اور معاملے کی مکمل اور شفاف تفتیش ناگزیر ہے ۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ثابت ہوا کہ مقتولین کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق ملزم سے آلہ قتل کی برآمدگی باقی ہے اور مزید تفتیش کے ذریعے قتل کے پیچھے اصل حقائق سامنے لانا مقصود ہے ۔