چھٹی کمشنر کراچی میراتھن منعقد کرانے کا فیصلہ
ڈی آئی جی ٹریفک چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی مقرر،رجسٹریشن کے انتظامات مکمل سٹی رن کے انعقاد سے مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا ،سیدحسن نقوی کاخطاب
کراچی (این این آئی)کراچی انتظامیہ نے چھٹی کمشنر کراچی میراتھن ’’10 کلو میٹر سٹی رن 26‘‘منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے کمشنر کراچی میراتھن 25 جنوری کو منعقد ہوگی اس بات کا فیصلہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ایک اجلا س میں کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو، ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ ایڈیشنل کمشنر ٹو اسد اللہ کھوسو، اسسٹنٹ کمشنر جنرل حاظم بھنگوار ڈائریکٹر اسپورٹس غلام محمد خان اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک کوچیئرمین آر گنائزنگ کمیٹی مقرر کیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ میراتھن کے انعقاد سے شہر میں امن مستحکم ہوگا مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں حکومت کی کوششوں کو موثر بنانے میں مدد ملے گی، شہری بھر پور حصہ لیں۔
اجلاس میں رجسٹریشن کے تمام انتظامات مکمل کئے گئے اور روٹ کو حتمی شکل دی گئی۔فیصلہ کیا گیا کہ مراتھوں دس کلومیٹر ہوگی ٹاور سے شروع ہوگی اور مختلف راستوں سے ہوتے ہوے کلب روڈ پر اختتام پذیر ہوگی۔ ہینڈ آؤٹ کے مطابق کمشنر کی ہدایت پر رجسٹریشن شروع کر دی گئی کمشنر کراچی کے دفتر میں رجسٹریشن ڈیسک قائم کر دیا گیا۔ شرکت کے خواہش مند کمشنر کراچی کی ویب سائٹ اور دفتر میں رجسٹریشن کرا سکتے ہیں میراتھن کے لئے پانچ مختلف کیٹیگریز مقرر کی گئی ہیں۔ بچے اور اسپیشل افراد علیحدہ کیٹیگری میں شر کت کر سکیں گے ، تمام کیٹگریز میں جیتنے والوں کو نقد انعامات دئے جائیں گے ۔