نوشہرو فیروز:وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے تاجر کا گھر لوٹ لیا
5مسلح افراد پرویز کھوکھر کے اہلخانہ کو یرغمال بناکر نقدی، طلائی زیورات ودیگر لے اڑےواقعہ کیخلاف احتجاجاً قومی شاہراہ بلاک، 4دن میں ریکوری کروں گا، تھانیدار کی یقین دہانی
پڈعیدن(نمائندہ دنیا)مہران ٹاؤن نوشہرو فیروز میں تاجر پرویز کھوکھر کا گھر پولیس وردی میں ملبوس 5 ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے نقدی،زیورات اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے ، بدامنی کے خلاف احجاجاً قومی شاہراہ بلاک کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مہران ٹاؤن نوشہروفیروز میں مبینہ 5 نامعلوم مسلح افراد نے پولیس وردی میں ملبوس ہو کر سبزی منڈی کے معروف تاجر پرویز کھوکھر کے گھر گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بناکر لاکھوں روپے نقدی،طلائی زیورات، موبائل فونز و دیگر قیمتی سامان لوٹ کر بآسانی فرار ہوگئے ، واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر تفصیلات حاصل کیں اور تفتیش شروع کردی،متاثرین و کھوکھر برادری سمیت اہل محلہ نے مشتعل ہو کر قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی آمدورفت کو معطل کردیا.
ٹائر نذرآتش کئے ، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث مسافروں کو سخت سردی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مظایرین نے بڑھتی بدامنی کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرین نے کہاکہ انتظامیہ نے عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے ، لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں،تاہم ایس ایچ او اسد نبی نے قومی شاہراہ پر پہنچ کر متاثرین سے مذاکرات کئے ، اور یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ مجھے تین سے چار دن کا وقت دیا جائے ، میں وعدہ کرتا ہوں ملزمان گرفتار کرکے ریکوری کرونگا،جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔