لیاری، پرانی عمارت کی چھٹی منزل کی چھت گرگئی

لیاری، پرانی عمارت کی چھٹی منزل کی چھت گرگئی

ملبہ پانچویں منزل پر جا گرا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہواواقعہ عمارت کی مرمت کے کام کے دوران پیش آیا،مقامی مکینوں کا دعویٰ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)لیاری میں ایک اورپرانی عمارت کی چھٹی منزل کی چھت گرگئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں لیاری کے علاقے کارابائی کریم جی روڈ گلی نمبر 5 میں ایک پرانی عمارت کی چھٹی منزل کی چھت گر گئی۔واقعے کے دوران چھت کا ملبہ پانچویں منزل پر جا گرا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مقامی مکینوں نے بتایا کہ یہ واقعہ عمارت کی مرمت کے کام کے دوران پیش آیا۔مکینوں نے عمارت کے مالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک انہیں متبادل رہائش فراہم نہیں کی گئی۔مکینوں نے سٹی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ عمارت کی جانچ پڑتال کرے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

یاد رہے گزشتہ سال کراچی کے علاقے کھارادر میں عمارت کا حصہ گرگیا تھا ، عمارتوں کے درمیان بنے کوریڈور کی چھت گری تو متعدد فلورز کی سیڑھیاں بھی گر گئیں۔چھ منزلہ عمارت کی ٹنکی گرنے سے زینوں اور کوریڈور کو نقصان پہنچا، حادثے کے بعد بلڈنگ کی تیسری، چوتھی اور پانچویں منزل پرلوگ پھنس گئے تھے ، جنہیں ریسکیو حکام نے اسنارکل اورکرین کی مدد سے باہر نکالا گیا تھا۔خیال رہے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کراچی کی خطرناک عمارتوں کو خالی کروانے اور انہدام کیلئے اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں