مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا، ڈاک ورکرز
جناح برج سے میری ویدر ٹاور تک احتجاجی ریلی،مزدوروں کے فلک شگاف نعرے سازشوں کے خلاف آخری حد تک جدوجہد کریں گے ،حبیب الدین جنیدی ودیگر
کراچی(این این آئی)مشترکہ اتحاد کے ڈی ایل بی کراچی ڈاک لیبر بورڈ کے تقریباً 2600 ورکرز ادارے کے خاتمے کے پروگرام کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ، مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔کراچی ڈاک لیبر بورڈ ہیڈ آفس پر 29 دسمبر 2025 سے جاری علامتی بھوک ہڑتال اور دھرنا جاری ہے جس میں ہزاروں مزدوروں شریک ہیں۔ 16 جنوری کو احتجاجی ریلی نکالی گئی جو جناح برج (نیٹی جیٹی پل)سے ہوتی ہوئی میری ویدر ٹاور پہنچی ۔ مقررین میں معروف و ممتاز ٹریڈ یونین رہنما پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی، کراچی ڈویژن کے صدر اسلم سموں، جنرل سیکریٹری حسین بادشاہ نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر خالد خان، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے احمد سعید، عبدالرزاق میمن و دیگر شامل تھے۔
مقررین نے کہا کہ مزدور حقوق کبھی بھی جدوجہد کے بغیر حاصل نہیں ہوتے ، تمام مزدور اتفاق و اتحاد قائم کرکے اور جدوجہد کے ذریعے ہی اپنے حقوق حاصل کرسکتے ہیں۔ کراچی ڈاک لیبر بورڈ کے مزدوروں کے جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ ڈاک ورکرز کے جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اگر جہدو مسلسل جاری رہی تو ڈاک ورکرز کو کوئی طاغوتی طاقت اپنے حقوق حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی۔مقررین نے واضح کیا کہ کراچی ڈاک لیبر بورڈ کو کسی صورت میں ختم نہیں ہونے دیں گے اور سازشوں کے خلاف آخری حد تک جدوجہد کریں گے ۔ تقاریر کے دوران مزدوروں نے فلک شگاف نعرے لگائے ۔