نئی لائن منصوبہ مکمل،متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال
تکمیل پانی کے ترسیلی نظام کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گی،واٹرکارپوریشنتکنیکی ٹیمیں اور آپریشنل اسٹاف مسلسل ڈیوٹی پر رہے ، بلا تعطل کام کیا گیا،ترجمان
کراچی(آئی این پی) شہر قائد میں نئی پائپ لائن منصوبہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق پپری پمپنگ اسٹیشن پر نئی پائپ لائن منصوبہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے ۔واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے کہا کہ نئی پائپ لائن کو شہر کے موجودہ پانی کے نظام سے مکمل طور پر منسلک کر دیا گیا ہے ۔سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی کی ہدایت پر منصوبے پر چوبیس گھنٹے بلا تعطل کام جاری رہا۔ تکنیکی ٹیمیں اور آپریشنل اسٹاف اپ اور ڈاؤن اسٹریم دونوں مقامات پر مسلسل ڈیوٹی پر موجود رہے ، جبکہ دیگر متعلقہ سرگرمیاں رات دیر تک جاری رہیں۔
اس موقع پر سی ای او احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسد اللہ خان نے پپری پائپ لائن کو کراچی کے سب سے اہم آبی انفرااسٹرکچر منصوبوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل شہر کے پانی کے ترسیلی نظام کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پانی کی فراہمی میں واضح بہتری لائے گا اور شہریوں کے لیے مستحکم اور طویل المدتی پانی کی رسائی کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔حکام نے اس منصوبے کو شہری سہولیات کو مضبوط بنانے اور بنیادی خدمات کو بہتر کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔