جمہوری اقدار کے پابند،ایوان اتمام حجت ہیں،خالد مقبول
سندھ میں لسانیت پر مبنی پالیسیوں کا نفاذ تعلیم کی زبوں حالی کی اہم ترین وجہ ہے صرف کراچی نہیں شہری سندھ کی تمام جامعات کو خودمختار ہونا چاہئے ، امین الحق
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی نظیر حسین یونیورسٹی میں گریجویٹ فورم پاکستان کے زیرِ اہتمام ’’سیو کراچی ایجوکیشن‘‘ کے عنوان سے منعقد مکالمے میں شرکت کی۔شرکاء سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سے دیر ضرور ہوئی مگر سمت درست ہے ، ہمارے ہاں بدقسمتی سے ایک طبقہ اپنی شناخت پر شرمندہ ہے جو مسائل کے مستقل حل میں رکاوٹ ہے ، ایم کیو ایم جمہوری اقدار کی پابند ہے ایوان ہمارے لئے اتمام حجت ہیں، صوبہ سندھ میں لسانیت پر مبنی پالیسیوں کا نفاذ تعلیم کی زبوں حالی کی اہم ترین وجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم تعلیم سب کیلئے کے اپنے منشور پر مستقل مزاجی سے عمل پیرا ہے ، سینئر مرکزی رہنماء سید امین الحق نے کہا کہ ہماری کاوش ہے کہ چیزوں کا اب صحیح ہونا ناگزیر ہوچکا ہے تعلیمی اداروں کا ماحول سازگار و پُرکشش بنانا ہوگا تاکہ نوجوان طالب علم خوش دلی سے جامعات میں آئیں، صرف کراچی نہیں شہری سندھ کی تمام جامعات کو خودمختار ہونا چاہئے ، ایم کیو ایم کوشش کرے گی کہ حق پرست نمائندگان کو ملنے والے ترقیاتی فنڈز سے کچھ مناسب حصہ تعلیمی اداروں کی بہتری پر خرچ ہوسکے ، حق پرست رکن قومی اسمبلی صبحین غوری نے کہا کہ ایم کیو ایم تعلیمی اداروں اور نظام میں موجود نقائص کو دور کرنے کے لئے خاموش جد و جہد کررہی ہے۔