ایس آئی ایف سی کا سرمایہ کاری میں کلیدی کردار، گورنر
پاک،امارات تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں،کامران ٹیسوری شاہی فیملی کے شیخ احمد بن خلیفہ ال مکتوم کی قیادت میں 6 رکنی وفد سے ملاقات
کراچی (این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ، جبکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں متحدہ عرب امارات کی شاہی فیملی کے شیخ احمد بن خلیفہ ال مکتوم کی قیادت میں آئے 6 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پاک۔امارات دوطرفہ تعلقات، ایس آئی ایف سی اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے وفد کو ایس آئی ایف سی کے اغراض و مقاصد اور سرمایہ کاری کے مواقع پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کے بھرپور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ ہماری خواہش ہے کہ اماراتی سرمایہ کار ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ اس موقع پر شیخ احمد بن خلیفہ ال مکتوم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے ہیں۔وفد میں شیخ احمد بن سالم القاسمی، مصبح عبید بن شنا، سعید بن راشد المزروعی، عبداللہ بن ثانی الفلاسی، محمد عثمان المطوع اور محمد قاسم بن غالب شامل تھے ۔