اے این ایف کاانسدادِ منشیات آگاہی سیشن کا انعقاد
سیشن کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے بڑھتے خطرے سے آگاہ کرنا تھامقررین نے مثبت طرزِ زندگی اپنانے کے عملی طریقوں سے بھی آگاہ کیا
کراچی (این این آئی)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) سندھ نے این سی آرسی ای ٹی کالج کے اشتراک سے کالج کیمپس میں طلبہ کے لیے انسدادِ منشیات اور منشیات کے استعمال سے بچا ؤکے موضوع پر ایک موثر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس سیشن کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرے سے آگاہ کرنا اور ایک صحت مند، منشیات سے پاک معاشرے کے فروغ کی ترغیب دینا تھا۔اس موقع پر اے این ایف کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈی ڈی آر، ندا میمن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اپنے جامع اور اثر انگیز خطاب میں انہوں نے منشیات کے استعمال کے مختلف پہلوؤں، اس کے سماجی و ذاتی نقصانات اور اس ناسور کے خاتمے میں نوجوانوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ ان کا خطاب طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔دوسری کلیدی مقرر، ڈاکٹر ثنا اسلم (کلینیکل سائیکالوجسٹ) نے منشیات کے استعمال کے نفسیاتی اور جسمانی اثرات پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے طلبہ کو منشیات سے دور رہنے ، بحالی کے لیے مدد حاصل کرنے اور مثبت طرزِ زندگی اپنانے کے عملی طریقوں سے بھی آگاہ کیا، جبکہ آگاہی، مشاورت اور صحت مند عادات کی اہمیت پر زور دیا۔آگاہی سیشن میں اے این ایف فوکل پرسن سندھ، حماد انور، سب انسپکٹر حمزہ محسود (انویسٹی گیشن آفیسر) اور دیگر اے این ایف افسران و عملے نے بھی شرکت کی اور اس اقدام کی بھرپور حمایت کی۔